مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ملائیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 70 ہزار بے گھر ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے جنوبی اور مغربی 6 ریاستوں میں مسلسل ہونے والی طوفانی بارشوں سے ڈیم ٹوٹنے اور طغیانی کے باعث سمندر کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے سے پیدا ہونے والے سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔
ملائیشیا میں یہ سال کا بدترین سیلاب ثابت ہوا ہے جس میں ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی جب کہ 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔ رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا اور شہری گھر بار چھوڑ کر اسکولوں کی چھتوں اور بلند عمارتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔
فوج کو مدد کے لیے طلب کرلیا گيا ہے اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں سلینگور ریاست میں ہوئیں جہاں 20 افراد ہلاک ہوئے۔ ریسکیو ٹیم کو امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
آپ کا تبصرہ